جلد کی بہتری کے اقدامات
کیا آپ دانوں کے نشانات سے پریشان ہیں؟
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
خواتین اپنے چہرے کی جلد کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے بڑی حساس ہوتی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کا چہرہ داغ دھبوں اور کیل مہاسوں سے پاک ہولیکن آج کل کی مرغن غذاؤں اور فاسٹ فوڈز وغیرہ کھانے کی وجہ سے چہرے پر چھوٹے چھوٹے دانے نکلتے ہیں اور جب یہ دانے ختم ہوتے ہیں تو جاتے جاتے جلد پر نشان چھوڑ جاتے ہیں ۔جو دیکھنے میں بہت بدنما لگتے ہیں ۔ ایکنی کی وجہ سے بننے والے ان داغ دھبوں کو ختم کرنے کے لیے مارکیٹ مختلف طرح کی پروڈکٹس سے بھری پڑی ہے او ر ان پروڈکٹس میں موجود کیمیکلز وقتی طور پر چہرے کو صاف ستھرااور رنگت کوگوری کر دیتا ہے ۔
لیکن یہ چند دنوں کے استعمال کے بعد چہرے کا ستیاناس کر دیتی ہیں ۔ جلد مکمل طور پر خراب ہو جاتی ہے اور پہلے سے زیادہ دانے اور نشانات ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ آج میں آپ کے لیے ایکنی کی وجہ سے پڑنے والے داغ دھبوں کے نشانات کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے ایک ماسک لے کر آئی ہوں ۔ جو آپ گھر پر ہی تیار کر سکتی ہیں ۔اس کے چند دنوں کے استعمال سے ہی ان شاء اللہ چہرے کی جلد پر موجود داغ دھبوں کے نشانات ختم ہو جائیں گے۔ داغ دھبوں کے نشانات کو ختم کرنے کے لئے گھریلو قدرتی ماسک بنانے کا طریقہ درج ذیل ہے۔
*اجزاء*
ہلد ی : ایک چوتھائی چائے کا چمچ
شہد(خالص) : آدھا چائے کا چمچ
انگورکارس : 2سے 3 انگوروں کو مسل کر ان کا رس نکال لیں
*ترکیب اور طریقہ استعمال*
ایک پیالے میں ہلدی اور شہد کو ڈال کر مکس کر لیں ۔ پھر انگوروں کو اس میں ڈال کر چمچ یا انگلی سے مسل دیں اور انگوروں کے چھلکے باہر نکال لیں۔ ان تینوں کو چمچ کی مدد سے اچھی طرح مکس کر لیں ۔چہرے کو کسی اچھے کلینزر سے دھونے کے بعدکسی نرم کپڑے سے اچھی طرح خشک کر لیں ۔اب اس مکسچر کو روئی یا میک اپ برش کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور 30 منٹ تک لگا رہنے دیں ۔ آدھے گھنٹے بعد گرم پانی کے ساتھ چہرہ صاف کر لیں ۔اس مکسچر کے استعمال سے آپ کے چہرے کی جلد کے مسام کھل جائیں گے۔
اس لیے نیم گرم پانی سے چہر ہ دھونے کے بعد ٹھنڈے تازہ پانی سے بھی چہرہ دھوئیں اس سے چہرے کے مسام اپنی نارمل حالت میں آجائیں گے۔اچھے نتائج کے لیے ہفتے میں دو سے تین دن لگائیں اور دو ہفتوں میں چہرے پر بننے والے داغ دھبے اور نشانات سے چھٹکاراحاصل کریں۔
شہد، انگور او ر ہلدی کے جلد پر ہونے والے مثبت اثرات کی وجہ سے ہی ان کو ایکنی کے نشانات کے لیے بے حد مفید پایا گیا ہے۔ آئیے آپ کو ان سب کی چند ایک خصوصیات کے بارے میں بتاتی ہوں ۔
*ہلدی*
ہلدی ایک اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل جز ہے ۔ جو چہرے پر موجود داغ دھبوں کو دور کرتا ہے ، چہرے کی رنگت نکھارتا ہے اوردھوپ کی وجہ سے جلدکے کالے پن کو دور کرتا ہے۔ہلدی جلد کو نرم و ملائم بناتی ہے۔ جھریوں اور چھائیوں کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہے۔صدیوں سے ہلدی کا استعمال دلہن کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
*انگور*
انگور کا رس ایکنی کے نشانات کو ختم کرنے کے لیے بہت موثر ہے اور نئے نشانات بننے سے روکتا ہے۔ انگور کے اند ر کیلشیئم،میگنیشیم، پوٹاشیئم، وٹامن بی1،بی2 ،بی3 ،بی 5، بی6 ،سی اورفلیونائیڈ کمپاؤنڈ ہوتے ہیں جو جلد کے لیے بہت زیادہ کارآمد ہیں ۔ جلد کو ملائم رکھتا ہے اور جھریوں سے بچاتا ہے۔بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو کم کرتا ہے۔
*شہد*
شہد کو اللہ تعالیٰ نے قرآن میں انسانوں کے لیے شفا قرار دیاہے۔شہد سے بہت سی جسمانی اور جلدی بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔ شہد جلد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اینٹی بیکٹیریل ہونے کی وجہ سے جلد پر موجود بیکٹیریا کا خاتمہ کرتا ہے۔جلد کو نرم وملائم بناتا ہے۔ بے رونق جلد کو تازگی دیتا ہے اور ایکنی کے مسائل کا خاتمہ کرتا ہے۔
ان سب اجزاء کے مکسچر میں وہ تمام خصوصیات موجودہیں ، جو چہر ے کی جلدپر دانوں کی وجہ سے بننے والے نشانات کو ختم کرنے کے لیے کافی ہیں۔ اس کے استعمال کے چند دن بعد ہی انشاء اللہ داغ دھبے ختم ہو جائیں گے۔
اگر آپ اس قسم کے مسائل کا شکار ہیں تو سب سے پہلے میٹابولزم کی درستگی پر دھیان دیں ۔ چہرے کی خوبصورتی کا دارومدار خون پر ہوتا ہے اور جسم میں خون بننے کا عمل درست میٹابولزم کے ہی مرہون منت ہے ۔ جسم میں جس قدر عمدہ اور صاف و شفاف خون پیدا ہو گا اسی قدر جلد نرم و ملائم خوبصورت اور چمکدار ہو گی ۔ جلد کی رنگت میں خرابی ، داغ دھبے اور کیل مہاسے بننے کی اصل وجہ خون میں زہریلے مادوں اور تعفن کا شامل ہونا ہے .
ایسی تمام غذائیں جو ہاضمے کو خراب کرنے کا سبب بنتی ہوں انہیں فوراً اپنی خوراک سے نکال دینا چاہیے ۔ ان غذاؤں میں پیزا ، برگر ، سموسے ، پکوڑے ، نمکو ، کولا مشروبات ، بیکری مصنوعات ، تلی اور بھنی ہوئی غذائیں وغیرہ شامل ہیں ۔ کچی سبزیوں ، پھلوں اور پھلوں کے رس کا بکثرت استعمال کریں ۔ دانوں کے نشانات دور کرنے کے لیے مغز اخروٹ اور کڑوے مغز بادام پیس کر سرکہ انگوری میں پیسٹ بنا کر رات کو سوتے وقت چہرے کے داغوں پر لگائیں ۔
صبح کچے دودھ سے چہرے پر اچھی طرح مساج کرکے کسی اچھے بیوٹی سوپ سے دھولیں ۔ بہت جلد چہرے سے داغ دھبے دور ہو جائیں گے ۔ ایسی ورزشیں جن سے چہرے کی طرف خون کی روانی بہتر ہو ، وہ نہارمنہ ضرور کریں ۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ کون سی ایسی قدرتی اشیا ہیں، جو ہماری جلد کے لے بہترین ثابت ہوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ہر موسم اور ہر قسم کی جلد کے لیے سودمند ہوتی ہیں۔
*باسل Basil*
یہ ایک جراثیم کُش جڑی بوٹی ہے۔ چہرے پر اس کا استعمال کیل مہاسوں اور دانوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ دوران خون بہتر ہوتا ہے اور چہرے پر نکھار آتا ہے۔ باسل کے چند پتوں کو پانی میں پندرہ منٹ تک ابال لیں اور پھر اسے ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھ دیں۔ کاٹن بال یا روئی کی مدد سے اسے دن میں دو مرتبہ اپنے چہرے پر لگائیں، بہت کم عرصے میں آپ اپنے چہرے پر اس کے حیرت انگیز نتائج دیکھیں گی۔ اس کے علاوہ باسل کے چند پتوں کو صاف کر کے اسے کچل لیں اور اس کو ہاتھوں سے دبا کر رس نکال لیں اور پھر روئی کی مدد سے یہ رس اپنے دانوں پر لگائیں۔
*نیم*
یوں تو نیم کے بے شمار فوائد ہیں، لیکن یہ چہرے کے لیے بھی ہر لحاظ سے بہترین ہے۔ نیم بھی چہرے کے داغ دھبے اور دانوں کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ نیم کے چند خشک پتوں کو پیس کر سفوف کی شکل دے لیں، پھر اس میں عرق گلاب یا پانی ملا کر اپنے چہرے پر لگائیں اور چند منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ یہ ہر قسم کے کیل مہاسوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بازار میں نیم کا تیل بھی دست یاب ہے۔ اسے روزانہ رات کو اپنے چہرے پر لگائیں اور صبح ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں تو جلد ہی اس کے مثبت نتائج دیکھیں گی۔
*لیونڈر lavender*
لینونڈر کا شمارخوش بو دار نباتات میں ہوتا ہے۔ اس کا تیل ہر قسم کے دانوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ چند قطرے لیونڈر کا تیل عرق گلاب کے ساتھ ملا کے لگائیں۔ اسے روزانہ استعمال کرنے سے چہرے پر سرخ اور سفید دانوں کے ساتھ ان کے نشانات بھی ختم ہو جاتے ہیں۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ لیونڈر تیل کے تیز اثرات کو معتدل بنانے کے لیے اس میں تیل، پانی یا پھر عرق گلاب ملا کے لگانا ضروری ہے۔ اگر آپ اس کے چند قطرے اپنے روزانہ کے موئسچرائزر میں شامل کر لیں، تو اس کا آپ کی جلد پر اچھا اثر پڑے گا۔
*ہرا دھنیہ*
ایک اور قدرتی جڑی بوٹی ہے، جو چہرے کے دانوں کے ساتھ بلیک ہیڈز صاف کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ دھنیے کی چند پتیوں کو ہاتھوں کی مدد سے پیس لیں اور اس کا رس اپنے چہرے پر لگائیں۔ چند قطرے لیموں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ آمیزہ دانوں کے لیے اکسیر ہے۔ اگر آپ چاہیں، تو دھنیے کو ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اسے پیس کر اپنے چہرے پر لگالیں۔ دس سے پندرہ منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔
*ایلوویرا*
جلد اور زیبائشی اشیا کے حوالے سے یہ جڑی بوٹی خاصی نمایاں ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کہ چہرے کی جلد کو صحت مند رکھتی ہے اور دانوں اور مہاسوں کے نشانات بھی مٹا دیتی ہے۔ ایلو ویرا کا رس یا جیل بازار میں بہ آسانی دست یاب ہے۔ اس کے علاوہ ایلوویروا کے پتوں کو درمیان سے کاٹ کر اس کا گودا نکال لیں اور چہرے پر پندر ہ منٹ تک لگائے رکھیں، پھر ہلکے یا نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
*سبز چائے*
سبز چائے کا روزانہ استعمال مختلف بیماریوں سے ہی محفوظ نہیں رکھتا، بلکہ ہماری جلد پر اس کے مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ سبز چائے کے استعمال شدہ ’’ٹی بیگز‘‘ کو ٹھنڈا ہونے کے بعد چہرے کے دانوں پر لگائے رکھیں اور 10 سے 15 منٹ تک متاثرہ جگہ کا مساج کریں تو یہ بھی کافی اچھا رہتا ہے۔
*بیکنگ سوڈا*
بیکنگ کے لیے استعمال کیا جانے والا سوڈا ہماری جلد کے لیے حیرت انگیز نتائج دیتا ہے۔ اگر اسے ماسک کے طور پر لگایا جائے، تو جھریوں سے بچاتا ہے اور ہماری جلد چمک دار اور تنی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ اس کے علاوہ اسے کلینزنگ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چہرے پر کتنا ہی پرانا داغ یا نشان کیوں نہ ہو اس کے لگانے سے ختم ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے دو سے تین چائے کے چمچے بیکنگ سوڈے کو پانی میں ملا لیں اور اسے چہرے پر دس سے پندرہ منٹ کے لیے لگائیں۔ روزانہ استعمال کرنے پر آپ اس کا دورانیہ بڑھا سکتی ہیں اور جب آپ اس کے نتائج اپنے چہرے پر دیکھیں گی تو خود ہی حیران رہ جائیں گی۔
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وآلِ مُحَمَّدٍ
ایک تبصرہ شائع کریں