فطرت کے انوکھے والدین : محبت، قربانی اور بقا کی عظیم داستانیں
تحریر و تالیف: محمد اویس
جب ہم 'ماں' یا 'باپ' کے بارے میں سوچتے ہیں، تو ہمارے ذہن میں انسانی والدین کی تصویر آتی ہے جو اپنے بچوں کے لیے لازوال محبت اور قربانیوں کی مثال قائم کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ فطرت کے عجائب گھر میں ایسے بھی والدین موجود ہیں جو اپنی اولاد کے لیے ناقابل یقین حد تک قربانیاں دیتے ہیں؟ ان کی کہانیاں اتنی حیرت انگیز ہیں کہ وہ انسانی والدین کی محبت کو بھی مات دے سکتی ہیں۔ آئیے، ان انوکھے والدین کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ فطرت نے ان میں کیسی انوکھی صلاحیتیں رکھی ہیں۔
1- ماں کی کھال کھانے والے بچے۔۔۔!
کیسیلیئن (Caecilian) کی کچھ اقسام میں ایک حیرت انگیز اور انوکھی ماں بننے کی حکمت عملی پائی جاتی ہے، جسے Dermatotrophy کہتے ہیں۔ اس میں ماں اپنی کھال قربان کر کے اپنے بچوں کو غذا فراہم کرتی ہے
جب بچے پیدا ہوتے ہیں، تو وہ بالکل دانتوں کے بغیر اور کمزور ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔
مادہ کیسیلیئن کی جلد خاص طور پر موٹی اور چکنائی (Fat-rich) سے بھرپور ہوتی ہے۔ نوزائیدہ بچے اپنی ننھی ننھی نوک دار دانتوں والی ساخت (Specialized Teeth) سے اپنی ماں کی جلد کو کھاتے ہیں، جس میں غذائیت بھری ہوتی ہے۔ ماں ہر چند دن میں اپنی جلد دوبارہ اگا لیتی ہے، تاکہ بچے اس سے مزید غذا حاصل کر سکیں۔
ماں اپنی جلد کو کھانے کے لیے پیش کرتی رہتی ہے، جب تک کہ بچے کافی بڑے ہو کر آزادانہ طور پر خوراک حاصل کرنے کے قابل نہ ہو جائیں۔ اس دوران وہ خود کمزور ہو جاتی ہے، لیکن بچوں کو زندہ رکھنے کے لیے یہ قربانی دیتی ہے۔
2- ماں کی عظیم قربانی۔۔۔!
وشال آکٹوپس(Giant Octopus) کی مادہ اپنی زندگی کے آخری مراحل میں ایک انتہائی منفرد اور قربانی بھرے ماں بننے کے عمل سے گزرتی ہے، جسے Semelparity کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ زندگی میں صرف ایک بار انڈے دیتی ہے اور اس کے بعد اپنی جان قربان کر دیتی ہے۔
مادہ آکٹوپس ایک محفوظ جگہ تلاش کرتی ہے، جیسے کہ کسی غار، چٹان کے نیچے یا کسی گہرے سوراخ میں۔ وہ 50,000 سے 100,000 تک چھوٹے چھوٹے انڈے دیتی ہے اور انہیں چٹانوں سے چپکا دیتی ہے۔ مادہ آکٹوپس اپنے انڈوں کی حفاظت میں اپنی ساری توانائی لگا دیتی ہے۔
وہ ان پر مسلسل پانی کے ہلکے جھونکے مارتی ہے تاکہ آکسیجن کی مناسب مقدار ملتی رہے۔ کسی بھی ممکنہ شکاری (Predators) جیسے مچھلیوں، کیکڑوں یا دوسری مخلوقات کو انڈوں سے دور رکھتی ہے۔ یہ عمل 6 ماہ سے 1 سال تک جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران مادہ آکٹوپس بالکل بھی کھانا نہیں کھاتی۔ بعض اوقات وہ اپنی بھوک کی شدت کے باعث Self-Cannibalism یعنی خود کو کھانے لگتی ہے تاکہ اپنی توانائی کو آخری حد تک استعمال کر سکے۔ وہ اپنی توانائی کا آخری ذرہ بھی بچوں کی حفاظت کے لیے خرچ کر دیتی ہے۔ جب انڈے نکلنے کے قریب ہوتے ہیں، تو مادہ آکٹوپس مزید کمزور ہو جاتی ہے۔ انڈے نکلنے کے بعد، وہ مر جاتی ہے، اور اس کی زندگی کا سفر مکمل ہو جاتا ہے۔
یہ حیرت انگیز ماں بننے کی حکمت عملی بچوں کی بقا کو یقینی بناتی ہے کیونکہ مادہ آکٹوپس کی قربانی کی بدولت زیادہ سے زیادہ بچے زندہ بچ کر سمندر میں آزاد ہو سکتے ہیں۔
3- باپ جو حاملہ ہوتا ہے۔۔۔!
سمندری گھوڑے (Seahorse) میں پیرنٹنگ کا نظام باقی تمام جانداروں سے بلکل الٹ ہے، کیونکہ اس میں ماں (مادہ) نہیں بلکہ باپ (نر) بچے پیدا کرتا ہے
جب نر اور مادہ سمندری گھوڑے جوڑا بناتے ہیں، تو مادہ اپنے 200 سے 2,000 انڈے نر کے "Brood Pouch" (خصوصی تھیلی) میں منتقل کر دیتی ہے۔
یہ تھیلی باپ کے پیٹ کے نچلے حصے میں ہوتی ہے، جو ایک مصنوعی رحم (Artificial Womb) کی طرح کام کرتی ہے۔ باپ انڈوں کو اپنے جسم کے اندر تقریباً 10 سے 45 دن تک محفوظ رکھتا ہے، جہاں وہ آکسیجن اور غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے، بالکل ویسے جیسے کسی ماں کا رحم کرتا ہے۔ اس دوران، نر سمندری گھوڑا اپنی خوراک کا خیال رکھتا ہے اور بچوں کی حفاظت کرتا ہے۔
جب بچے مکمل طور پر تیار ہو جاتے ہیں، تو نر سمندری گھوڑا شدید مشقت ( Labor pain) سے گزرتا ہے اور چھوٹے سمندری گھوڑے پانی میں چھوڑ دیتا ہے۔ بعض اوقات، یہ پیدائش کئی گھنٹوں تک جاری رہتی ہے، اور ہر بار باپ 100 سے 1,000 چھوٹے سمندری گھوڑے پانی میں چھوڑتا ہے۔ پیدائش کے بعد، بچے فوری طور پر آزاد ہو جاتے ہیں اور خود اپنی خوراک حاصل کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
یہ نظام سمندری گھوڑے کو دنیا کی ان چند مخلوقات میں شامل کرتا ہے جہاں ایک باپ بچے پیدا کرتا ہے، یعنی ماں والی تمام ذمہ داری ادا کرتا ہے
4- ماں کو کھانے والے بچے۔۔۔!
اس مکڑی (Crab Spider) کے بچے انڈے سے نکلنے کے بعد جو سب سے پہلی خوراک کھاتے ہیں تو وہ اپنی ہی ماں کو ہی کھا لیتے ہیں۔ یہ عمل matriphagy کہلاتا ہے۔
مادہ مکڑی پہلے انڈے دیتی ہے اور ان کی سختی سے حفاظت کرتی ہے۔ اس دوران وہ شکار کرنا چھوڑ دیتی ہے اور اپنی پوری توانائی بچوں کی دیکھ بھال میں خرچ کرتی ہے۔
تقریباً تین ہفتوں بعد، جب انڈے سے بچے نکلتے ہیں تو وہ بہت بھوکے ہوتے ہیں انکی ماں، جو کبھی ایک طاقتور شکاری تھی اب خوراک کی کمی کے باعث کمزور ہو چکی ہوتی ہے۔ اس کی جان، اس کے جسم کا ہر حصہ، اپنے بچوں کی بقا کے لیے وقف ہو جاتا ہے۔ یہ بچے، اپنی ماں کی قربانی سے مضبوط ہو کر، دنیا میں قدم رکھتے ہیں۔ وہ اپنی ماں کے جسم سے حاصل ہونے والی توانائی سے بڑھتے اور پھلتے پھولتے ہیں کیونکہ وہ اپنی ماں کو ہی کھا لیتے ہیں یہ عمل بچوں کی بقا کے امکانات کو بڑھاتا ہے اور انہیں ایک مضبوط آغاز فراہم کرتا ہے۔
5- پاؤچ میں پرورش/ حمل روکنے کی صلاحیت۔۔۔!
کینگرو اس کی سب سے منفرد خصوصیت اس کا "تھیلا" (Pouch) اور ایک حیران کن تولیدی صلاحیت ہے، جس میں یہ حمل کو عارضی طور پر روک (Embryonic Diapause) بھی سکتی ہے۔
جب کینگرو کا بچہ (جسے "Joey" کہا جاتا ہے) پیدا ہوتا ہے، تو اس کا سائز تقریباً ایک جیلی بین یا انگور کے دانے کے برابر یعنی محض ایک انچ لمبائی اور تقریباً 2 گرام وزن جتنا چھوٹا ہوتا ہے اس وقت، یہ نہ آنکھیں کھول سکتا ہے، نہ ہی بال ہوتے ہیں، اور نہ ہی یہ خود سے کچھ کر سکتا ہے۔ ماں کا دودھ پینے کے لیے یہ ننھا بچہ اپنی ماں کے جسم پر رینگتا ہوا تھیلے کے اندر چلا جاتا ہے اندر ماں کے نپلز (Nipples) سے لگ کر بچہ مسلسل دودھ پیتا ہے اور بڑھتا رہتا ہے۔ تقریباً 6 سے 8 ماہ تک، یہ مکمل طور پر تھیلے کے اندر رہتا ہے، جہاں اسے دودھ، گرمی اور تحفظ ملتا ہے۔ جب بچہ بڑا ہو جاتا ہے، تو وہ آہستہ آہستہ باہر جھانکنا شروع کرتا ہے، اور پھر کچھ دیر کے لیے باہر آ کر زمین پر کھیلنا سیکھتا ہے۔
دوسری حیرت انگیز خاصیت تولیدی حکمت عملی (Reproductive Strategy) ہے، جو کینگرو کو دوسری مخلوقات سے منفرد بناتی ہے۔ اگر ماں کے تھیلے میں پہلے ہی ایک بچہ موجود ہو، تو ماں اپنے نئے حمل کو "روک" سکتی ہے ماں کے جسم میں نئی فرٹیلائزڈ ایمبریو (Embryo) کچھ ہفتوں بعد بڑھنا شروع کرنے کے بجائے "سونے" کی حالت میں چلا جاتا ہے۔ جب پہلا بچہ تھیلے سے باہر آ کر آزاد ہو جاتا ہے، تب ہی ماں اس "روکے ہوئے" حمل کو دوبارہ بڑھنے دیتی ہے۔
اس طریقہ سے کینگرو ماں بیک وقت تین نسلوں کی دیکھ بھال کر سکتی ہے ایک بڑا جوئی، جو زمین پر رہتا ہے اور کبھی کبھی دودھ پینے آتا ہے۔ دوسرا چھوٹا جوئی، جو ابھی تھیلے کے اندر پرورش پا رہا ہے۔ تیسرا "روکا ہوا" حمل، جو ضرورت پڑنے پر دوبارہ فعال ہو جائے گا۔
کینگرو کی "پاؤچ میں پرورش" اور "حمل کو روکنے" کی حیرت انگیز صلاحیتیں اسے ایک ناقابلِ یقین جاندار بناتی ہیں۔
6- اک دھوکہ باز ماں۔۔۔!
کوئل (Cuckoo) خود گھونسلہ بنانے، انڈے سینے اور بچوں کی پرورش کرنے کی زحمت نہیں کرتی بلکہ یہ اپنی ماتحت پیرنٹنگ (Brood Parasitism) کے ذریعے دوسرے پرندوں کو دھوکہ دے کر اپنے بچوں کی پرورش کرواتی ہے۔
مادہ کوئل کسی دوسرے پرندے (جیسے فاختہ، چڑیا یا بلبل) کے گھونسلے میں خفیہ طور پر انڈے دیتی ہے۔ یہ اپنے انڈے اس طرح گھونسلے میں رکھتی ہے کہ وہ میزبان پرندے کے انڈوں سے مشابہت رکھتے ہیں، تاکہ وہ پہچانے نہ جا سکیں۔ کوئل اکثر میزبان پرندے کے ایک یا دو انڈے کھا جاتی ہے یا گھونسلے سے باہر گرا دیتی ہے، تاکہ اس کے اپنے انڈے زیادہ محفوظ رہیں۔ میزبان پرندہ، جو دھوکہ کھا چکا ہوتا ہے، کوئل کے انڈوں کو اپنا سمجھ کر سینا شروع کر دیتا ہے۔
کوئل کا بچہ عام طور پر میزبان پرندے کے بچوں سے پہلے نکلتا ہے اور بہت زیادہ بھوکا ہوتا ہے۔ یہ اتنا طاقتور ہوتا ہے کہ جیسے ہی پیدا ہوتا ہے، یہ میزبان پرندے کے اصل انڈوں یا بچوں کو گھونسلے سے باہر دھکیل دیتا ہے، تاکہ اسے مکمل خوراک اور توجہ مل سکے۔
جب کوئل کا بچہ میزبان پرندے کے گھونسلے میں پل کر جوان ہو جاتا ہے، تو وہ خود ہی اڑ کر اپنی زندگی شروع کر دیتا ہے۔ یہ اپنی اصل ماں (Cuckoo Mother) کو کبھی نہیں دیکھتا، لیکن پھر بھی کوئل کی فطرت اپناتا ہے اور جیسے ہی وہ بالغ ہوتا ہے، وہ اپنی نسل کے دوسرے کوئل پرندوں کی تلاش میں نکلتا ہے۔ اور پھر جب اس کا وقت آتا ہے، تو یہ بھی دوسرے پرندوں کے گھونسلوں میں اپنے انڈے دینے لگتا ہے، جیسے اس کی ماں نے کیا تھا۔
کوئل کا یہ دھوکہ دہی پر مبنی رویہ قدرتی ارتقاء (Evolution) کی ایک حیرت انگیز مثال ہے، جہاں ایک پرندہ دوسرے کی محنت کا فائدہ اٹھاتا ہے۔
7- مکمل تیار بچہ۔۔۔!
چیچڑ مکھی (Tsetse Fly) ایک خون چوسنے والی مکھی ہے جو زیادہ تر افریقہ میں پائی جاتی ہے۔ یہ اپنی مخصوص طرزِ تولید کی وجہ سے بہت منفرد ہے
زیادہ تر کیڑے سیکڑوں انڈے دیتے ہیں، لیکن چیچڑ مکھی میں ماں صرف ایک مکمل تیار لاروا (Matured Larva) پیدا کرتی ہے اور اس کی مکمل نشوونما کے دوران اس کا خیال رکھتی ہے، جیسے کہ ممالیہ جانور (Mammals) اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
مادہ چیچڑ مکھی اپنے جسم میں ایک ہی انڈا رکھتی ہے، جو اس کے رحم (Uterus) میں اندرونی طور پر نشوونما پاتا ہے۔ باقی مکھیوں کے برعکس، جو اپنے انڈے یا چھوٹے لاروا باہر چھوڑ دیتی ہیں، چیچڑ مکھی کا بچہ مکمل طور پر ماں کے جسم کے اندر نشوونما پاتا ہے۔ جب بچہ ماں کے جسم میں ہوتا ہے، تو وہ اسے خاص قسم کے غذائیت بھرے سیال (Milk-like Secretion) سے خوراک فراہم کرتی ہے، جو کہ ممالیہ جانوروں کے دودھ سے ملتا جلتا ہوتا ہے۔
یہ سیال بچے کی مکمل نشوونما میں مدد دیتا ہے، جس سے وہ ماں کے جسم کے اندر ہی مکمل تیار ہو جاتا ہے۔
جب بچہ مکمل نشوونما پا لیتا ہے، تو مادہ چیچڑ مکھی ایک مکمل تیار لاروا کو باہر نکال دیتی ہے، جو زمین پر گر کر فوراً ہی ایک محفوظ جگہ تلاش کر کے خود کو مٹی میں دفن کر لیتا ہے۔ محض کچھ گھنٹوں میں، یہ لاروا سخت خول (Pupa) میں تبدیل ہو جاتا ہے اور کچھ دنوں بعد مکمل بالغ مکھی بن کر باہر آتا ہے۔
یہ اپنی زندگی میں صرف 10 سے 12 بچے پیدا کرتی ہے جبکہ دوسری مکھیاں ہزاروں انڈے دیتی ہیں۔ چیچڑ مکھی اپنے دودھ جیسے سیال، مکمل تیار بچے پیدا کرنے، اور پرورش کرنے کے عمل کی وجہ سے دنیا کے سب سے منفرد کیڑوں میں شمار ہوتی ہے، جو اسے تقریباً ممالیہ جانداروں کی طرح بنا دیتی ہے۔
8- پرورش کا انوکھا طریقہ۔۔۔!
زہریلی مینڈک (Poison Dart Frog) کی کچھ اقسام، خاص طور پر Dendrobates اور Ranitomeya، اپنے بچوں کی پرورش کے لیے ایک غیر معمولی طریقہ استعمال کرتی ہیں، جس میں وہ اپنے ہی انڈے بچوں کو کھلاتی ہیں۔
مادہ مینڈک چند انڈے کسی پتوں کے نیچے یا کسی نمی والی جگہ پر دیتی ہے۔ نر اور مادہ دونوں ان کی حفاظت کرتے ہیں اور انہیں نمی فراہم کرنے کے لیے پانی کے قطرے ان پر گراتے ہیں۔
جب انڈوں سے کیچوے جیسے ننھے بچے (Tadpoles) نکلتے ہیں، تو مادہ مینڈک انہیں ایک ایک کر کے اپنی پیٹھ پر اٹھا کر کسی درخت کے گہرے پتوں، پھولوں کے کھلے حصے یا چھوٹے پانی کے ذخائر میں ڈال دیتی ہے۔
یہ پانی کے چھوٹے ذخائر قدرتی جھولے (Nursery) کا کام کرتے ہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان میں خوراک نہیں ہوتی۔ اس لیے ماں خود ہر چند دن بعد وہاں جا کر اپنے غیر نشوونما یافتہ انڈے بچوں کو کھلاتی ہے۔ یہ انڈے خاص طور پر غذائیت سے بھرپور (Nutrient-Rich) ہوتے ہیں، تاکہ بچوں کی بہترین نشوونما ہو سکے۔
اس عمل کو "Oophagy" کہتے ہیں، یعنی اپنے ہی انڈے کھلا کر بچوں کو پالنا۔
9- قید میں ماں بننے کی حکمت عملی۔۔۔!
مادہ ہورن بل (Hornbill) گھونسلہ بنانے کے لیے کسی کھوکھلے درخت کے اندر جگہ تلاش کرتی ہے۔ جب وہ گھونسلے میں داخل ہو جاتی ہے، تو نر مٹی، تھوک، اور درخت کی چھال کا استعمال کرکے گھونسلے کا داخلی راستہ تقریباً مکمل بند کر دیتا ہے، بس ایک چھوٹا سا سوراخ چھوڑ کر، اس سوراخ کا مقصد صرف خوراک کی منتقلی اور ہوا کی آمد و رفت کے لیے ہوتا ہے۔
ماں گھونسلے میں مکمل طور پر قید رہتی ہے، اور یہیں پر وہ انڈے دیتی ہے۔ باپ سوراخ کے ذریعے خوراک فراہم کرتا ہے جس میں پھل، کیڑے، اور چھوٹے جانور شامل ہوتے ہیں۔ ماں کی یہ قید تقریباً 50 سے 70 دنوں تک جاری رہتی ہے جب بچے کافی بڑے ہو جاتے ہیں اور ماں کی طاقت بحال ہو جاتی ہے، تو وہ اور بچے اندر سے دیوار توڑ کر باہر نکلتے ہیں۔
یہ خوبصورت پرندہ قدرت کی انتہائی دلچسپ پیرنٹنگ تکنیک استعمال کرتا ہے۔ جو حفاظت، وفاداری، اور قربانی کی ایک شاندار مثال پیش کرتی ہے۔
10- شدید سردی میں باپ کی قربانی۔۔۔!
ایمپریر پینگوئن (Emperor Penguin) مادہ پینگوئن شدید سردیوں میں ایک انڈہ دیتی ہے اور فوراً خوراک کی تلاش میں چلی جاتی ہے۔ اب یہ نر کی ذمہ داری ہے کہ وہ انڈے کو تقریباً دو ماہ بغیر کچھ کھائے تک شدید سردی میں سینچے۔
یہاں درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے لیکن باپ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر انڈے کو بچاتا ہے۔ وہ اپنے پیروں پر انڈے کو رکھتا ہے اور اسے اپنی مخصوص کھال (Brood Pouch) سے ڈھانپ لیتا ہے تاکہ گرمی برقرار رہے۔ اس دوران، وہ کچھ بھی نہیں کھاتا۔ تقریباً 2 مہینے تک یہ باپ اپنے جسم کی چربی جلا کر زندہ رہتا ہے اور اگر یہ بہت کمزور ہو جائے، تو مر بھی سکتا ہے۔
جس وقت بچہ انڈے سے نکلنے لگتا ہے ہے تو ماں کو واپس آ جانا چاہئیے لیکن اگر ماں وقت پر نہ پہنچی، تو یہ باپ اپنی مخصوص "فزی دودھ" (Crop Milk) بچے کو پلاتا ہے جو اس کے جسم میں ایک خاص نظام سے بنتا ہے۔
باپ اس دوران 20 سے 25 کلو وزن کھو چکا ہوتا ہے اور شدید بھوکا ہوتا ہے جیسے ہی ماں واپس آتی ہے وہ بچے کو اپنی دیکھ بھال میں لے لیتی ہے۔ اب باپ فوراً خوراک کی تلاش میں سمندر کی طرف جاتا ہے کیونکہ وہ تقریباً مرنے کے قریب ہوتا ہے۔
ایمپریر پینگوئن قدرت کے سب سے سخت جان والدین میں سے ایک ہیں جو انتہائی سرد ماحول میں بھی اپنی نسل کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہتے ہیں۔
جانوروں کی دنیا میں والدین کی یہ انوکھی کہانیاں زندگی کی ان پیچیدگیوں سے پردہ اٹھاتی ہیں، جن میں بقا کی جدوجہد اپنی انتہا کو چھوتی ہے۔ یہ کہانیاں ہمیں اس حقیقت سے روشناس کراتی ہیں کہ محبت اور قربانی صرف انسانی جذبات نہیں، بلکہ یہ فطرت کے ہر ذی روح میں رچی بسی ہیں۔ ہر جاندار اپنی نسل کے تسلسل کے لیے سر توڑ کوشش کرتا ہے، اور قدرت کے یہ عظیم والدین، جو اپنی اولاد کی پرورش کے لیے انوکھے طریقے اپناتے ہیں، ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ ہماری اجتماعی بقا کا راز محبت اور قربانی کے لازوال جذبے میں پوشیدہ ہے۔ ان کی یہ داستانیں ہمیں یہ بھی یاد دلاتی ہیں کہ ہم سب اس وسیع کائنات کا حصہ ہیں، اور اس کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔