اس بلاگ کا مقصد لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں معلومات فراہم کرنا جس سے وہ استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اصلاح بھی کرسکیں۔

جنتی بازار

*✿-•°✧بسْمِ ﷲِالرَّحْمن الرَّحِيم✧-•°✿*
*✿✧اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُه‌✧✿*
*🔘جنت کا مبارک بازار؟🔘*
نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا
اِنَّ فِي الْجَنَّةِ لَسُوقًا يَأْتُونَهَا كُلَّ جُمُعَةٍ فَتَهُبُّ رِيحُ الشَّمَالِ فَتَحْثُو فِي وُجُوهِهِمْ وَثِيَابِهِمْ فَيَزْدَادُوْنَ حُسْنًا وَجَمَالًا فَيَرْجِعُونَ اِلَى اَهْلِيهِمْ وَقَدِ ازْدَادُوا حُسْنًا وَجَمَالًا فَيَقُولُ لَهُمْ اَهْلُوهُمْ وَاللَّهِ لَقَدِ ازْدَدْتُمْ بَعْدَنَا حُسْنًا وَجَمَالًا فَيَقُولُوْنَ وَاَنْتُمْ وَاللَّهِ لَقَدِ ازْدَدْتُمْ بَعْدَنَا حُسْنًا وَجَمَالًا....
یعنی جنّت میں ایک بازار ہے جہاں جنّتی لوگ ہر جمعہ کو آئیں گے۔وہاں ایک شمالی ہوا چلے گی جو اُن کے چہروں اور کپڑوں کو بھردے گی جس سے اُن جنّتیوں کا حُسن و جمال اور زیادہ ہو جائے گا۔پھر جب یہ جنّتی لوگ اپنے اپنے گھر والوں کی طرف لوٹیں گے تو اُن کے حُسن وجمال بھی بڑھ چکے ہوں گے۔جنّتیوں سے ان کے گھر والے تعجُّب کرتے ہوئے کہیں گےاللہ پاک کی قسم! تم تو ہمارے پیچھے حُسن وجمال میں بہت بڑھ گئے۔اور یہ جنّتی لوگ اپنےگھر والوں سے کہیں گےرب کی قسم! تم لوگ بھی ہمارے پیچھے حُسن و جمال میں بہت بڑھ گئے-
[مسلم،ص1164،حدیث7146]

بازار کہنے کی وجہ جس طرح دنیاوی بازار میں ایک ساتھ بہت سے لوگ جمع ہوجاتے ہیں اسی طرح جنّت میں بھی جنّتی کسی جگہ اکھٹے ہوں گے اس لئے اسے ’’بازار‘‘ فرمایا گیا ہے۔
[شرح النووی علٰی مسلم، جز17،ج9،ص170]

جنّت میں جمعہ کا مطلب جمعہ سے مراد پورا ہفتہ ہے اور اسی سے ہفتہ بَھر کی مقدار مراد ہے کہ جنّت میں نہ دن رات ہے نہ ہفتہ مہینا وغیرہ۔
[شرح النووی علیٰ مسلم،جز17،ج9،ص170،مراٰۃ المناجیح، ج7،ص481]
جنّت میں علمائے کرام کی شان شارحینِ کرام نے یہاں اس بات کو بھی بیان فرمایا ہے کہ جنّت کے بعض وقت دوسرے وقتوں سے افضل ہوں گے جسے علمائے دِین ہی پہچانیں گے۔ اس افضل وقت کا نام جمعہ ہوگا۔جنّتی لوگ علمائے کرام سے وہ وقت معلوم کرکے اس بازار میں جایا کریں گے۔وہاں ان سے اللہ پاک فرمائے گا جو چاہو مانگو یہ لوگ علماء سے پوچھ کر مانگیں گے۔اس سے علمائے کرام کی شان معلوم ہوئی کہ دنیا کی طرح جنت میں بھی جنّتیوں کو علمائے کرام کی ضرورت ہوگی۔گویا جنّت میں یہ جمعہ کا دن رب کی نعمتوں کی زیادتی کا دن ہوگا جیسے دنیا میں جمعہ ثواب کی زیادتی اور عطا کا دن ہے کہ اس میں ایک نیکی کا ثواب سَتَّر گُنا دیا جاتا ہے۔
[مرقاۃ المفاتیح،ج 9،ص585،تحت الحدیث: 5618، مراٰۃ المناجیح،ج 7،ص481]

*🔘جنّتی بازار میں کیا ہوگا؟🔘* حکیمُ الاُمّت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں جیسے دنیا میں جمعہ کے دن سارے محلے بلکہ ساری بستی کےامیر وغریب شاہ وگدا مسلمان جامع مسجد میں جمع ہوجاتے ہیں،رب کا ذکر کرتے ہیں، نمازِ جمعہ پڑھتے ہیں،ایسے ہی جنّت میں تمام ادنٰیٰ و اعلیٰ جنّتی اس بازار میں ہفتہ میں ایک بار جمع ہو کر رب کا دِیدار کیا کریں گے،دنیا میں جامع مسجد جامعُ الْمُتَفَرِّقِین) یعنی مختلف لوگوں کو جمع کرنے والی (ہوتی ہے ایسے ہی جنّت کایہ بازار جامعُ الْمُتَفَرِّقِین ہوگا،اسی بازار میں ہم جیسے گنہگار اِنْ شَآءَاللہ شفیعِ ِروزِ شُمار (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کی زیارت سے مشرف ہوا کریں گے،رب کا دیدار گھروں میں خَلْوَت میں ہواکرے گا یہاں جَلْوَت میں ہوگا۔
[مراٰۃ المناجیح،ج7،ص504]
دیدارِ الٰہی کے لئے خاص مقام ترمذی شریف کی روایت میں ہے کہ رب ان پرجنّت کے باغوں میں سے ایک باغ میں تجلی فرمائے گا۔
[ترمذی ،ج4،ص246،حدیث2558ماخوذاً]
اس بازار میں ایک خصوصی باغ ہوگا جسمیں رب کا دیدار نصیب ہوگا،یوں سمجھو کہ بازار میں ایک دوسرے سے ملاقات ہوا کرے گی اور اس باغ میں رب تعالیٰ سے۔
[مراٰۃ المناجیح،ج7،ص505]

تقسیم وعطا کا بازار جنّتی اپنے پاک پروردگار کے دیدار کے بعد جب بازار میں جائیں گےتو فرشتوں نے اسےگھیرا ہوا ہوگا اور وہاں نعمتوں کے ڈھیر ہوں گے جو انہیں بغیر قیمت عطا ہوں گے۔الغرض یہ بازار خریدو فروخت والا نہیں بلکہ تقسیم اور عطا کا بازار ہوگا،جنّتیوں کو کچھ نعمتیں گھروں میں ملیں گی اور کچھ خاص نعمتیں یہاں تاکہ یہ لوگ خالی ہاتھ اپنے گھر نہ جائیں بَھرےبَھرے جائیں۔
[مراٰۃ المناجیح،ج7،ص507ملخصاً]

فرشتے سامان پہنچائیں گے ترمذی شریف کی روایت میں ہے کہ وہ فرشتے جنّتیوں کی پسند کی اَشیاء ان کے لئے اٹھا کر لائیں گے۔
[ترمذی،ج 4،ص246،حدیث2558ماخوذاً]
جوشخص جس نعمت کی رغبت کرے گا وہ اُسے اُٹھا کردیں گے بلکہ گھر تک پہنچائیں گے۔
[مراٰۃ المناجیح،ج7،ص507]

جنّتی بازار میں صرف مرد جائیں گے یہ جنّتی جب اس بازار سے اپنے گھر واپس ہوں گے تو ہر بیوی اپنے شوہر سے کہے گی کہ تم ایسی حالت میں واپس آئے ہوکہ تمہارا حُسن ترقی کرکے اس سے بھی زیادہ ہوچکا ہے جس پر تم ہم سے علٰیحدہ ہوئے تھے،تو جنّتی مرد کہیں گے کہ آج ہم اپنے ربِّ جَبّارکی بارگاہ سے ہوکر آئے ہیں۔
[ترمذی،ج4،ص246،حدیث2558ماخوذاً]

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس بازار میں صرف مرد جایا کریں گے،عورتیں اپنے گھروں میں رہا کریں گی تاکہ عورتوں مَردوں کا خلط ملط نہ ہو پردہ وہاں بھی ہوگا مگر عورتوں کو یہاں ہی وہ سب کچھ دے دیا جایا کرے گا جو مَردوں کو بازار میں بُلا کردیا جائے گا۔
[مراٰۃ المناجیح،ج7،ص482]
شمالی ہوا کہنےکی وجہ خیال رہے کہ جب ہم مغرب کی طرف منہ کرکے کھڑے ہوں تو دائیں ہاتھ کی طرف شمال ہوتاہے۔جنّت میں چونکہ مشرق و مغرب نہ ہوگا لہٰذا شمال وجنوب بھی نہ ہوگا۔لیکن اہلِ عرب بلکہ تمام دنیا والے شمالی ہوا کو بہت مبارک سمجھتے ہیں اور اسے مُون سُون کہتے ہیں،یہ بارش لاتی ہے اس لیے اسے شمالی ہوا فرمایا۔
[شرح النووی علٰی مسلم،جز17،ج9،ص170،مراٰۃ المناجیح، ج7،ص482]

جنّتی بازار کی ہوا جنّتیوں کے حُسن وجمال میں تواس بازار میں چلنےوالی شمالی ہوا کی وجہ سےاضافہ ہوجائے گا،مگر جب وہ اپنے گھروں کو واپس آئیں گے تو ان کے گھر والوں کا بھی حُسن و جمال زیادہ ہوچکا ہوگا۔اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے شارحینِ کرام نے تین اقوال بیان فرمائے ہیں پہلا قول یہ ہے کہ اس بازار میں جو شمالی ہوا چلے گی وہی ہوا ان جنّتیوں کے گھر والوں کو بھی پہنچا کرے گی۔دوسرا قول یہ ہے کہ جنّتی جب اپنے گھر والوں کے پاس جائیں گے تو ان جنّتیوں کے قُرْب سے ان کے گھر والوں کو بھی وہی حُسن وجمال مل جائے گا کیونکہ جس کا ہاتھ عطر سے مہک رہا ہو وہ جس سے مصافحہ کرلے اسے بھی مہکا دیتا ہے۔تیسرا قول یہ ہے کہ جنّتیوں کو اپنا حسن اپنے گھر والوں میں نظر آئے گا،اپنی خوشبو اُن سے بھی محسوس ہوگی۔
[مرقاۃ المفاتیح،ج9،ص585،تحت الحدیث:5618،مراٰۃ المناجیح،ج7،ص482ملخصاً]
اللہ پاک اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے تمام عاشقانِرسول کوجنّت الفردوس میں بِلاحساب داخلہ نصیب فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

گدا بھی منتظر ہے خُلد میں نیکوں کی دعوت کا
خدا دن خیر سے لائے سخی کے گھر ضیافت کا
[منجانب سوشل میڈیا،دعوت اسلامی]
*•●◉✿صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب✿◉●•*
*●✿صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد✿●*

لیبلز:

ایک تبصرہ شائع کریں

[blogger]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Flashworks کی طرف سے پیش کردہ تھیم کی تصویریں. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget